لاہور،ملتان(جنرل رپورٹر )پنجاب بھر سے آئے ہوئے سکول ایجوکیٹرز اور اے ای اوز کا دھرنا وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے سامنے چوتھے روز بھی جاری ہے ۔ایک بار پھر وزیر تعلیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ڈیڈ لاک پیدا ہوچکا۔وزیر تعلیم مراد راس نے 9 اپریل تک کا وقت مانگا لیکن اساتذہ نے زبانی یقین دہانی سے انکار کردیا۔اساتذہ نے کہا کہ ایک طرف وزیر تعلیم مذاکرات کررہے ہیں اور دوسری طرف اساتذہ کی برطرفیاں شروع کردی گئی ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب کے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں 25فیصد اضافہ کیلئے کل 24 مارچ کو لاہور پہنچنے کی کال دے دی گئی ہے ۔احتجاجی ملازمین کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ اب میٹنگ کے لولی پاپ سے نہیں بلکہ تنخواہوں میں اضافہ کے نوٹیفکیشن کے اجراپر ہی احتجاجی دھرنا کی کال واپس ہو گی ۔ملازمین کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم بھی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔