کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم جب چاہیں مجھ سے مل سکتے ہیں۔میں آج یہاں عرس کی تقریب میں شرکت کے لیے آیا ہوں اور یہاں صوبے اورملک کے عوام کی خوشحالی کے لیے دعاکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیری عوام کے لیے بھی دعا کی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے کل کراچی کے حوالے سے اجلاس طلب کیا تھا اوراب ہم مسائل کو حل کرنے جارہے ہیں۔ وہ مزارحضرت عبداللہ شاہ غازی پرصحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 200 ملی میٹر بارش کا ایک ساتھ ہونا ایک بہت بڑا مسئلہ بن گیا تھا،جب بارش کے پانی کو نکالنے کے لیے مین ہولزکے ڈھکن کھولے گئے تو اُس میں بھی ملبہ موجود تھا۔2013-15 تک 4000 ٹن کچرا ہوتا تھا جو اب بڑھ کر13000 ٹن ہوگیا ہے ۔اتنا سارا کچرااٹھانا آسان کام نہیں لیکن سندھ حکومت بلدیاتی اداروں سے مل کر کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاق میں کسی کی بھی حکومت ہوہم مل کر کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے جب بھی وفاقی حکومت نے اجلاس میں شرکت کے لیے بلایا میں نے اجلاس میں شرکت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بارش کے بعد مچھر اور مکھیوں کی تعداد کافی بڑھ گئی ہے ،جس کے لیے میئر کراچی فیومیگیشن کر وارہے ہیں۔ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب چاہیں مجھ سے مل سکتے ہیں۔