لاہور(خصوصی نمائندہ،سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصوصی، 92 نیوز،صباح نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے مسلم لیگ ن کے چھ اور پیپلز پارٹی کے ایک رکن صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیر اعلٰی سے ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری، چودھری اشرف علی انصاری ، محمد غیاث الدین ،اظہر عباس ، محمد فیصل خان نیازی اور نشاط احمد ڈاہا جبکہ پیپلز پارٹی کے غصنفر علی خان شامل ہیں۔ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرداً فرد اراکین اسمبلی کی تجاویز کو نوٹ کیا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، وزیراعلیٰ نے کہا شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے ،تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے اورعوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے ، منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے اور کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔بعد ازاں لیگی رکن صوبائی اسمبلی نشاط احمد ڈاہا نے نائینٹی ٹو نیوز سے گفتگومیں ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا میں مسلم لیگ ن کا پابند نہیں ،عثمان بزدار پورے صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں اور ان سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں،پارٹی کی قیادت نووارد لوگوں کے پاس ہے ، ہم فنڈز اور ترقیاتی کاموں کے لئے وزیر اعلٰی سے کیوں نہ ملیں ، پارٹی قیادت کو چیلنج کیا تھا کہ مجھے پارٹی سے نکال دیں ، اپنے وٹروں کو کیا جواب دیں، ان کے کام تو ہونے چاہئیں،وزیر اعلی نے ہی ہر ممبر اسمبلی کے کام کرنے ہیں ،ان سے ملنا کوئی گناہ تو نہیں ہے ، وزیر اعلی کو اپنے حلقوں میں فلاح و بہبود کے کاموں اور مسائل کے حوالے سے بتایا جس پر انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے ۔دوسری جانب اس ملاقات کے حوالے سے مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہاہمارے 6 ایم پی ایز نے بغیر اجازت وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی، ان اراکین اسمبلی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی،اس حوالے سے اعلی قیادت کو مطلع کرکے کارروائی کی اجازت بھی مانگی ہے ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضٰی نے اپنے رکن پنجاب اسمبلی غضفر لنگاہ کو لوٹا قرار دیتے ہوئے ان کا اسمبلی میں گھیرائو کرنے کا اعلان کردیا۔حسن مرتضٰی کہا غضنفر لنگاہ نے عوامی مینڈیٹ اور قیادت کے اعتماد کی توہین کی ہے ،، غنضفر لنگاہ اب ایوان میں بیٹھ نہیں سکیں گے ، لوٹے کے خلاف کارروائی تو قیادت کرے گی مگر ہم اسے ایوان میں نہیں آنے دیں گے ۔واضح رہے لیگی اراکین اسمبلی کی وزیر اعلی پنجاب سے یہ تیسری ملاقات تھی اور پہلے ہونے والی ملاقاتوں پر اراکین کو اپنی اپنی پارٹی کی جانب سے نوٹسز جاری ہو چکے ہیں جس کے جواب میں ایم پی ایز نے پارٹی قیادت کو دوبارہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ جلیل شرقپوری، غیاث الدین، نشاط ڈاہا ،اظہر عباس، فیصل نیازی، اشرف انصاری نے پہلی ملاقات کے بعد پارٹی سے معافی مانگی تھی۔