کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ سیکرٹریٹ کے قریب واقع صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلارضا کے دفتر میں نماز جمعہ کے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرلی اور پورے دفتر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا، نماز کے وقفے کے باعث دفتر میں کوئی سٹاف موجود نہیں تھا ، فائر بریگیڈ کے مطابق دفتر میں رکھا تمام فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا، فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بیرک نمبر91میں لگی ، آتشزدگی کے باعث شہلا رضا اور صوبائی وزیر فشریز و لائیو سٹاک عبدالباری پتافی کے دفتر میں رکھا ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا، آگ سے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر ایویلیوایشن کا دفتر بھی متاثر ہوا، شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ان کے دفتر میں کام کرنے والا سٹاف محفوظ رہا ،اس سے بڑی بات میرے لیے کوئی نہیں ، انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے کیونکہ دفتر کے کچھ اے سی خراب تھے اور ان کی مرمت کا عمل جاری تھا۔