لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستان اور امت مسلمہ کے جذبات کی عکاسی تھا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے نہایت جامع اور جاندار طریقے سے دنیا کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر بات کی۔ انہوں نے کوویڈ-19، غربت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور اسلاموفوبیا میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ عمران خان نے عالمی پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر و فلسطین کے پر امن حل پر بات کی۔ جنرل اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب کی طرح انہوں نے کشمیر میں بھارتی ریاستی غنڈہ گردی کو بے نقاب کیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ 2016 میں شسما سوراج نے پوری دنیا کے سامنے ہم پر دہشت گردی کا الزام لگایا۔اس وقت بھی نواز شریف نے تازہ تازہ گرفتار دہشتگرد کلبھوشن یادیو کا نام لینا گوارہ نہیں کیا۔نواز شریف نے ہر سطح پر پاکستان کے اندرونی و بیرونی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔