کراچی (سٹاف رپورٹر/92نیوز) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی اور ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ مہدی علی شاہ علالت کے باعث انتقال کر گئے ، مہدی علی شاہ کو کورونا پازیٹو کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ ان کو دیگر عارضے بھی لاحق تھے - تفصیلات کے مطابق مہدی علی شاہ کئی روز سے علیل اور کراچی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ، مہدی علی شاہ گزشتہ ماہ عراق و شام سے زیارات کے بعد وطن واپس لوٹے اور ان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے ، مہدی علی شاہ کورونا پازیٹو ہونے کے بعد کئی روز سے زیر علاج تھے جبکہ مہدی علی شاہ کو دیگر عارضے بھی لاحق تھے ۔ مہدی علی شاہ کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور تعزیت کا سلسلہ شروع ہوگیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مہدی علی شاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ہائوس کے ذرائع کے مطابق مہدی علی شاہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے تھے تاہم وائرس کے سبب ان کو لاحق دائمی عارضے بڑھ گئے ، مہدی علی شاہ کو چند روز قبل گردوں اور دل کے عارضے کے باعث مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا، مہدی علی شاہ کا تعلق کوٹ ڈیجی خیر پور سے تھا۔