لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی بجٹ پر تنقید برائے تنقید افسوسنا ک ہے ، موجودہ مالی مشکلات کی ذمہ دار ن لیگ کی بیڈ گورننس ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے ایک بیان میں کہاکہ اپوزیشن رہنما اپنے آقاؤں کے اشارے پر بد زبانی کر رہے ہیں ، ان کا گزشتہ10برسوں کا کچا چٹھا سامنے آیا تو زبانیں گنگ ہو جائیں گی،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے اقاموں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی،انہوں نے کہا کہ عوا م کڑے سے کڑے احتساب میں عمران خان کے ساتھ ہیں ،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاکہ عمران خان ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو اقتدار میں شامل کر لیتے تو سب اچھا تھا، وفاق اور پنجاب میں دستیاب وسائل کے مطابق بہترین بجٹ پیش کیاگیا، آنے والے سال میں مشکلات کا خاتمہ اور سہولتوں میں اضافہ ہو گا۔دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے صحافیوں کی شکایت پر میانوالی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میانوالی کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے ،صوبائی وزیر نے کہاکہ صحافیوں کو کوریج کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہیے ۔میانوالی کے ہسپتال میں صحافی کے ساتھ بد سلوکی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔