حیدرآباد (بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مکمل ناکام ہوچکی، اتحادی بھی ناراض ہیں، لگتا ہے حکومت مدت پوری نہیں کرے گی، وہ بھان سعید آباد میں پی پی رہنما حاجن شاہ کی اوطاق پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے آٹے اور چینی بحران پر ناکامی کا اعتراف کیا، پی پی آئینی طریقے سے حکومت کی تبدیلی پر یقین رکھتی ہے ، وفاقی حکومت نے بھینس اور بکریوں کے ذریعے غربت ختم کرنے کا پروگرام دیا ہے ، کیا اس سے غربت ختم ہوگی، یہ حکومت غریبوں کیلئے کچھ نہیں کرسکتی، انہوں نے کہا کہ ملک بحران میں ہے ، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہیں، اس وقت اپوزیشن لیڈر کا ملک میں ہونا ناگزیر ہے ، ادھر سیہون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول نے کل بھی کہا تھا کہ یہ حکومت نہیں چل سکتی، ہم ساری جماعتوں سے مشورہ کرکے احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔