لاہور(کامرس رپورٹر، این این آئی،صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آج بھی مقبول جماعت ہے جبکہ پولیوسے محفوظ پاکستان ہمارا مشن ہے ۔میاں جلیل شرقپور ی اور فیصل خان نیازی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔لیگی اراکین نے وزیر اعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار اور اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے میاں جلیل کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کی بھی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاست میں شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ۔اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و باز ہیں ،انہیں عزت و احترام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ون مین شو کے ذریعے تمام اختیارات اپنی ذات تک محدود رکھے ۔میرے دروازے آپ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں آگ سے کھیل رہی ہیں،اپوزیشن کی جا نب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اورکرپٹ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شورمچانے والے پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔تحریک انصاف آج بھی سب سے مقبول جماعت ہے ۔اپوزیشن نے پہلے دن سے روڑے اٹکائے اور آج بھی اپوزیشن جماعتیں خوشحالی کے سفر کو روکنا چاہتی ہیں۔عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔پولیو سے بچاو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں ۔