اسلا م آباد،کراچی ( خبر نگار خصوصی ،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )صدر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا اجلاس آج طلب کرلیا ، سپیکر اسدقیصرصدارت کرینگے ،حکومت انتخابی اصلاحات،ای وی ایم،نیب ترمیمی آرڈیننس سمیت دودرجن کے قریب بلز قانون سازی کیلئے پیش کریگی، قانون سازی کیلئے حکومتی تیاریاں مکمل ہو گئیں ، حکومت کو بلز کی منظوری کیلئے اتحادیوں کی حمایت مل گئی ، اپوزیشن نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپنے تمام اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق اجلاس دوپہر 12 بجے ہوگا، 58 نکاتی ایجنڈاجاری کردیاگیا، اجلاس میں29 بل پیش کیے جائیں گے ، اجلاس میں موجود کل ارکان کی کل تعداد 440 ہے ، ، 12 ارکان کے فرق سے حکومت کیلئے ایک بھی اتحادی کی ناراضگی یا غیر حاضری خطرہ بن سکتی ہے ، بلوچستان عوامی پارٹی نے اجلاس میں وفاقی حکومت کی حمایت کااعلان کردیا جبکہ متحدہ اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ، خورشید شاہ نے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس کب ہے ، مجھے کوئی علم نہیں جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس میں شہبازشریف کی سربراہی میں متحدہ اپوزیشن رہنمائوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں خورشید شاہ، یوسف رضا گیلانی، مولانا اسعد ، شاہد خاقان، خواجہ آصف اور اپوزیشن کے دیگر سرکردہ رہنما شریک ہوئے ۔اپوزیشن نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوت سے قانون سازی کا راستہ روکیں گے ، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے اراکین کی 100 فیصد حاضری یقینی بنا ئیں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی زوال اور عوام کو مہنگائی کے وبال میں مبتلا کرنے والی ظالم حکومت سیاہ قوانین سے زندگی نہیں پاسکتی ، شہباز شریف سے انکے چیمبر میں خورشید شاہ نے بھی ملاقات کی ۔ بلاول بھٹو اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آبا د چلے گئے ۔