کراچی (سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر نے سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ کا دورہ کیا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس عالمگیر بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ضمن میں تعینات ہے ۔جدہ بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر نے ڈپٹی ویسٹرن فلیٹ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کے مابین بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کردیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مضبوط دوستانہ تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔