لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان علماء کونسل کی اپیل پرملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اور بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ پاکستان بھر کے علماء ، خطباء اور آئمہ مساجد نے خطبات جمعہ میں مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم اور بابری مسجد کی شہادت کے خلاف ہندوستانی عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ، اسرائیل اور امریکہ کی انتہا پسندی قیادتیں دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندانہ و دہشت گردانہ سوچ دنیا کو تباہی کے دہانے پر لے جارہی ہے ، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کے لئے زمین تنگ کرنے کی کوشش ہورہی ہے ۔کشمیر سے لے کر فلسطین تک مسلمانوں کا لہو بہہ رہا ہے اور اقوام عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔