اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی صوبائی حکومتوں بشمول آزاد وجموں کشمیر، گلگت بلتستان ،وفاقی وزارتوں اور اداروں کے مربوط تعاون اور موثر حکمت عملی کی بدولت پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے قومی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہیں، کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی صلاحیت 472 سے بڑھا کریومیہ 60 ہزار ٹیسٹ ، ٹیسٹنگ لیبارٹریاں 2 سے بڑھا کر 132 کرنے ، مقامی سطح پر وینٹیلیٹرز کی تیاری میں خودانحصاری کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کو 1227 آکسیجنیڈڈ بیڈ کی فراہمی، کوروناکے عدم پھیلائو کے لئے 31 ایس او پیز کی تیاری ،60 ہزار طبی عملہ کو تربیت دینے ،65 ممالک میں محصور ایک لاکھ سے زائدپاکستانیوں کو پی آئی اے اور غیر ملکی 478 پروازوں سے وطن واپس لانے سمیت اقدامات اٹھائے گئے ۔این سی او سی کے مطابق کورونا کے خلاف پاکستان کی کوششوں ، پاکستان کے بروقت اور درست اقدامات کی وجہ سے نہ صرف بہترین طبی اقدامات کئے بلکہ ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی، روز گار،نوجوانوں اور انڈسٹری کے لئے ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت منصوبہ بندی بھی کی ہے ۔ حکومتِ پاکستان نے تمام ریسورسز کو چینلائز کیا ہے اور لاک ڈاؤن کے باوجود ان کی دستیابی کو یقینی بنایا۔