فلسطینی سفیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ہر فورم پر آواز بلند کرے گا‘ عالمی برادری فلسطینیوں کے تحفظ یقینی بناتے ہوئے غزہ میںا نسانی امداد پہنچانے کے لئے کوششیںکرے۔ اس میں شبہ نہیں کہ پاکستان اپنے قیام سے آج تک ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کرتا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اس نے آج تک اسرائیل کے وجودکو تسلیم نہیں کیا اور اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر ہمیشہ فلسطینی موقف کو اجاگر کیا اور فلسطینیوں کی جدوجہد میں ان کی سیاسی ‘ سفارتی ‘ اخلاقی اور مالی امداد کا اعادہ کرتا رہا ہے۔ فلسطینی عوام بھی پاکستان کی حمایت کے ہمیشہ معترف رہے ہیں یہ ۔ حقیقت اسرائیل بھی جانتا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کو حق پر اور اسرائیل کو ایک غاصب ریاست سمجھتاہے جس نے ظلم و جبر کے ذریعے پر ارض فلسطین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ آج بھی غزہ کے عوام اسرائیلی جارحیت کاشکار ہیں اور 7اکتوبر 2023ء سے 30مارچ 2024ء تک کوئی دن ایسا نہیں گزرا کہ اسرائیل نے بچوں اور عورتوں سمیت فلسطینیوں کا قتل نہ کیا ہو۔ جمعہ کے روز بھی اس نے غزہ کے عوام پر حملے کر کے 71کو شہید کردیا ، دوسری طرف وہ فلسطینیوں کوامدادی خوراک و ادویات نہیں پہنچنے دے رہا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم اسرائیل کا معاشی و دفاعی مقاطعہ کریں ورنہ غزہ میں اسرئیل کی لگائی ہوئی آگ پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لے گی۔