پشاور،تیمرگرہ،مردان،باجوڑ،دیربالا(نیوز رپورٹر، نمائندگان 92نیوز) پشاورسمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہا جس کے باعث سڑکیں تالاب کامنظرپیش کرنے لگیں،ایک نوجوان سیلابی ریلے میں بہہ گیاجبکہ مکان کی چھت گرنے سے دادی زخمی ،پوتی جاں بحق ہوگئی ۔ صوبائی دارالحکومت پشاور اوردیگر اضلاع نوشہرہ،مردان،چارسدہ،دیر ،سوات میں گزشتہ دو دنوں سے بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ،بارشوں کے باعث نشیبی مقامات پر کئی گھنٹوں تک پانی کھڑا رہا جسکے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پشاور شہر میں بہتر نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث نالے ابل پڑے جس کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں ، گزشتہ د و دنوں سے ہونے وا لی بارشوں کے باعث جہاں گرمی میں شدت میں کمی آئی وہیں بجلی بھی کئی گھنٹوں تک غائب رہی شہر اور دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا کئی گھنٹوں تک بجلی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں موسم جزوی طور پر آبر الود رہنے کا امکان ظاہر کیا جار ہا ہے ، تاہم ہزارہ ڈویثرن ، ملاکنڈکے کئی علاقوں سمیت مردان ،پشاور، چارسدہ ، نوشہرہ ، مہمند، اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کاور تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں17 ملی میٹر ، پارا چنار میں 27ملی میٹر ، بنوں میں 02، رسالپور میں 71ملی میٹر، سیدو شریف میں 07، چراٹ میں 79ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے ، دیر پائین میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ گزشتہ شب سے جاری رہا جس کی وجہ سے تالاش سمیت تیمر گرہ دیر پائین کے محتلف علاقوں کے قدرتی ندی نالوں میں طغیانی آنے سے دیر پائین،دیر بالا،چترال مین روڈ کئی گھنٹے بلاک ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ دیربالا واڑی نہاگدرہ خوڑ میں ملاگجر کے رہائشی نوجوان سیلابی ریلی بہہ گیا۔دیربالا سورپل کے مقام پر نوجوان کی تلاش جاری ہے ،دیربالا واڑی نہاگدرہ خوڑ میں ملاگجر کے رہائشی نوجوان سیلابی ریلی بہہ گیا۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقہ اینزری میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دس سالہ بچی جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی، مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ گزشتہ روز صبح ایک مقامی شخص محمد دین کے گھر میں پیش آیا، حادثہ میں محمد دین کی دس سالہ بیٹی جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئی،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ کے اہلکار اور افراد جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کی، جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا، باجوڑ میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ منگل سے جاری ہے ۔