راولپنڈی(وقار حسین کاظمی)کوروناوائرس کی صورتحال کے باعث پروازیں بندہونے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مارچ کے مہینہ میں 3 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ذرائع کے مطابق مارچ کے پہلے 15 دنوں میں212 فلائٹس کینسل ہوئیں جس کی وجہ سے ان پندرہ دنوں میں لینڈنگ اور دوسرے چارجز کی مد میں سول ایوی ایشن کو 455 ملین روپے کا نقصان ہوا۔فضائی حدود استعمال نہ ہونے سے 144 ملین روپے کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق مارچ 16 سے مارچ 31 تک 1469 پروازیں منسوخ ہوئیں اوران پروازوں کی منسوخی سے لینڈنگ اور دیگر چارجز کی مد میں 2268 ملین روپے کا نقصان ہواجبکہ فضائی حدود کے عدم استعمال پر 895 ملین روپے کا نقصان ہوا، اس طرح ایک ماہ میں کل 1681 پروازیں منسوخ ہوئیں۔پروازوں کی بندش سے لینڈنگ اور دوسرے چارجز کی مد میں 2723 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صرف ایک ماہ میں کل 3618 ملین روپے یعنی 3ارب61 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔