لاہور( اپنے خبر نگار سے )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے درمیان ملاقات کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ،نومبر میں علامہ اقبال بک فیئر منعقد کرانے پر غور کیاجائے گا،یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ کیلئے کوششیں جاری ہیں،کاغذ سستا کرنے کی تجویز زیر غور رکھ لی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں پبلشرز اور بک سیلرز کے اجلاس سے خطاب اور بعدا زاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں کتاب بینی کے فروغ کیلئے حکومت دس نکاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے جس سے امید ہے کہ نہ صرف کتابوں کے مطالعے کے کلچر کو ترقی ملے گی بلکہ پبلشنگ کے مسائل بھی حل ہوں گے ۔ ملک میں یکساں تعلیم نظام لانے کی کوشش کر رہے ہیں،موسم سرما تک آٹھویں جماعت تک یکساں نظام تعلیم کیلئے صوبوں کو ہدایت جاری کریں گے ۔پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ ٹیکس اکٹھا کرنا ہے کیونکہ لوگ ٹیکس دینا نہیں چاہتے ،موجودہ حکومت 8ارب ڈالر کا قرض اداکرچکی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس کے دس نکاتی ایجنڈے میں اگلے سال کو بک ایئر قرار دینا ، تعلیمی اداروں کو سہ ماہی بنیادوں پر کتابیں خریدنے کا پابند بنانا ، کتابیں براہ راست پبلشروں سے خریدنے اور حکومتی سطح پر کتابوں کی صورت میں تحفے تحائف دینے کے کلچر کو فروغ دینا ،یوم ِاقبال کی مناسبت سے کتاب میلے کا انعقاد کرنا ، ایچ ای سی کے تعاون سے پبلشنگ کے حوالے سے نصابی کورسز کا اجرا کرنا اور بیرونِ ملک کتاب میلوں میں پاکستانی پبلشروں کی نمائندگی میں اضافے کے لیے کوششیں کرنا شامل ہیں۔