لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے عوام کیلئے علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گااوراس منصوبے پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔ بارتھی خاص میں 132کے وی گرڈ سٹیشن بنایا جائے گااورگرڈ سٹیشن کے ساتھ 132کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی،یہ ٹرانسمیشن لائن 49کلو میٹر طویل ہوگی،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ ترین علاقے بارتھی کے عوام کوترقی کے سفر میں ساتھ لے کر چلیں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ویلیج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز اور لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پر عملدرآمد کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوکل ایریاز کی حد بندیوں کا کام مکمل کر لیا اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت الیکشن رولز کی تیاری کا کام جاری ہے ، وزیراعلیٰ نے الیکشن رولز کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویلیج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز کے الیکشن کرائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں لوکل گورنمنٹس کے انتخابات ہوں گے اور پنجاب بھر میں 455 مقامی حکومتیں بنیں گی۔ ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام عوام کے مسائل نچلی سطح پرحل کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگااور اس پروگرام کے تحت مقامی سطح پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر فلاح عامہ کے کام ہوں گے ، وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی جس میں عمومی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن حامد جاوید کی والدہ، ممتاز فکشن رائٹر اور ادیب حامد سراج ، سابق سینیٹر اور سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین دلاور عباس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کی بلندی درجات کی دعا کی۔