پشاور(سٹاف رپورٹر) پشاور میں رنگ روڈ پر سربند اچینی چوک میں نامعلوم افراد کی چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں نجی نیوز چینل کا رپورٹر رپورٹر جاں بحق جبکہ کیمرہ مین شدید زخمی ہوگیا ہے ، ملزمان فرارہوگئے ، نوشہرہ سے تعلق رکھنے والا نجی نیوزچینل کا رپورٹر نور الحسن اپنے کیمرہ مین صابر ولد شمس الحق کے ہمراہ اپنی گاڑی میں کسی کام کے سلسلہ میں حیات آباد آرہا تھا کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی، ایس ایس پی حیات آباد نے بتایا ملزمان 125 سی سی موٹرسائیکل پر سوار تھے ،9 ایم ایم پستول کے ذریعے گاڑی پر فائرنگ کی گئی، تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے ، پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پولیس نے سی سی پی او کو یہ احکامات بھی جاری کئے ہیں کہ ملزمان کو جلد از جلد بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی اور سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم نے صحافی نور الحسن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔