پشاور( سٹاف رپورٹر)پشاورہائی کورٹ نے گورنرخیبرپختونخواکی جانب سے جاری کردہ ایکشن ان ایڈسول پا ورریگولیشن آرڈیننس کوکالعدم قرار دے دیا ،عدالت نے حراستی مراکزمیں قید تمام افراد کاریکارڈ پولیس کے حوالے کرنے جبکہ آئی جی خیبرپختونخواکو3 روزکے اندر تمام حراستی مراکزکاکنٹرول سنبھالنے کے بھی احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ چیف جسٹس وقاراحمدسیٹھ اورجسٹس مس مسرت ہلالی پرمشتمل دورکنی بنچ نے یہ احکامات گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں 25ویں آئینی ترمیم کے بعد سابقہ قبائلی علاقوں کی حیثیت کے خاتمے اور اس حوالے سے وہاں پر ایکشن ان ایڈ سول پاور ریگولیشن کے غیر فعال ہونے سے متعلق دائر مختلف رٹ درخواستوں کومنظورکرتے ہوئے جاری کئے جبکہ تفصیلی فیصلہ بعدازاں جاری کیاجائے گا۔