کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+آن لائن)پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم وطن فروشی کرتے تو ہمارا سب سے بڑا گاہک انگریز تھا ،ہم اس کے ہاتھوں نہیں بکے تو اب کیا بکیں گے ۔کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اور کمانڈر رازق کی ملاقات کو غلط رخ دیا گیا کمانڈر رازق یا کسی اور سے پھر ملاقات ہوئی تو کسی سے نہیں چھپاؤنگا ۔ حلقہ بندیوں میں الیکشن کمیشن نے اپنے قوانین کی خلاف ورزی کی، پشتون قوم کو محدود کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے ۔ انتخابات میں حصہ لیں گے نواز شریف کا ساتھ اصولوں کی بنیاد پر دے رہے ہیں ۔ملکی بحران کے حل کے لئے گریٹ ڈیبٹ کی ضرورت ہے اب بھی وقت ہے کہ آئین کے دائرے میں رہ کر معاملات حل کئے جائیں مسائل کو جلد حل نہ کیا گیا تو بہت دیر ہو جائے گی ۔یہ بات ریکارڈپرہے کہ ہم نے ایک دن بھی پاکستان مردہ باد کہا اور نہ ہی کبھی یہ کہا کہ ہم اس ملک میں نہیں رہیں گے ۔