لاہور(قاضی ندیم اقبال)صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کی بابت 138یوم کی رپورٹ طلب کر لی گئی ،اداروں کے سربراہان ترجیحی بنیادوں پر رپورٹس ارسال کرنے کے پابند بنا دئیے گئے ،مذکورہ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب کی وساطت سے ایوان وزیر اعلیٰ کو اعتماد میں لیتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی ٰکی ہدایت پر چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب الرحمٰن گیلانی کی زیر نگرانی پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، شفافیت کے عمل اور جاری فنڈز کے استعمال کی بابت جائزہ لیا جا رہا ہے ، چیئر مین پی اینڈ ڈی کی جانب سے صوبائی انتظامی سیکرٹریز، صوبائی اداروں کے ساتھ منسلک ذیلی اداروں، خود مختار اداروں ، کے ساتھ ساتھ ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم جولائی سے تاحال15نومبر تک ساڑھے چار ماہ کی رپورٹ تیار کریں جس میں منصوبے کا نام، شروع ہونے کی تاریخ بمعہ سال، مجموعی اخراجات، رواں مالی سال میں مختص کئے گئے فندزکا حجم، ان میں سے تاحال جاری کئے گئے فنڈز اور اس میں سے خرچ کئے گئے فنڈز کی تفصیلات بتائیں ۔ یہ بھی آگاہ کیا جائے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی138دنوں میں فنڈز کے خرچ ہونے کی شرح کیا رہی۔