فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) پنجاب حکومت نے چھ نئی جیلیں بنانے اور 45 تحصیلوں میں جوڈیشل لاک اپ کو سب جیل قرار دینے کی حتمی منظوری دیدی ہے ۔ جس کیلئے فنڈز کا اجراء کرنے کیلئے سمری تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے ۔ فیصل آباد ڈویژن کے ضلع چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ جیل اور فیصل آباد ضلع کی دو تحصیلوں میں سب جیل منصوبے کا حصہ ہیں۔ محکمہ جیل خانہ جات کیمطابق جن اضلاع میں ڈسٹرکٹ جیل بنائی جارہی ہیں ان میں چنیوٹ، ننکانہ صاحب، خوشاب، لاہور، راولپنڈی اور چکوال شامل ہیں ۔ پنجاب حکومت نے دونوں ماڈل سب جیل کو رواں مالی سال میں مکمل کرنیکا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر تحصیلوں میں سب جیل کیلئے فنڈز اگلے مالی سال میں مختص کئے جائینگے ۔