لاہور(وقائع نگار)پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے ۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 52 واں اجلاس ہوا۔5گھنٹے طویل اجلاس میں اہم ایجنڈے کی منظوری سمیت سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ کابینہ نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تقریباً8ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دی جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے 100 روپے کم نرخ پر 450 روپے میں ملے گا۔حکومت پنجاب عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر تقریباً4ارب روپے کی سبسڈی دیگی۔رمضان بازاروں میں چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائیگی، 13 اشیائے خورد و نوش 2021 کے ریٹ پر ملیں گی۔رمضان بازاروں میں چکن فی کلو 10 روپے کم اور انڈے فی درجن 5 روپے کم نرخ پر دستیاب ہونگے ۔ تمام اضلاع میں 317 رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپ قائم ہونگی، معیاری سبزیاں اورپھل بازار سے سستے ملیں گے ۔لاہور میں 30، فیصل آباد میں 19، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں 16، 16، قصور اور بہاولپور میں 12، 12 رمضان بازار قائم ہونگے ۔20 رمضان کے بعد رمضان بازار عید بازاروں میں تبدیل ہوجائینگے ۔ کابینہ نے گندم خریداری پالیسی 2022-23 کی بھی منظوری دی جس کے تحت کسانوں سے 2200 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائیگی۔ 35لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید نے کا ہدف منظور ۔ 1973ء میں قومیائے گئے 4 مشنری سکولوں کا انتظام پریسبیٹیرین چرچ (امریکہ) کے سپرد کرنے ، پنجاب یونیورسٹی کیلئے وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے نئی سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری۔ سرچ کمیٹی میں ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل(ر) جاوید محمود بخاری،پروفیسر ڈاکٹر اکمل حسین،سید طاہر شہباز،چیئر پرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اورسیکرٹری ہائر ایجوکیشن شامل ہونگے ۔ 10 نئی یونیورسٹیوں کیلئے ایکٹ منظور۔نئی یونیورسٹیاں اٹک،ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، حافظ آباد، پاکپتن، گوجرانوالہ،تونسہ، کمالیہ، لیہ اور ڈی جی خان میں بنیں گی۔ سکندریہ کالونی سوڈیوال لاہور میں 34 کنال اراضی پر گریجوایٹ گرلز کالج بنانے ، ملٹری شیڈول کیلئے چولستان میں 15ہزار ایکڑ اراضی کی منظوری ۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اورچینی کمپنی ہواوے کے درمیان سیٹلمنٹ کی مشروط منظوری ۔ہواوے سیف سٹی کیمروں کی مرمت اور بحالی کا کام2سال تک کریگی۔ں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی قانونی امور کے 80 ویں، 81 ویں، 82 ویں، 83 ویں اور 84 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ورلڈ واٹر ڈے پر پیغام میں کہا کہ پانی اﷲ تعالیٰ کی انمول نعمت اورقیمتی اثاثہ ہے ،اسے کسی قیمت پر ضائع نہیں ہونے دینگے ۔وزیر اعلیٰ نے پتوکی میں باراتیوں کے تشدد سے محنت کش کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ ملزموں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی سید رفاقت علی گیلانی ،صوبائی وزراء سمیت اراکین صوبائی اسمبلی اسد کھوکھر،حامد یار ہراج،غضنفر عباس چھینہ، سردار شہاب الدین، حنیف پتافی، غزین عباسی، نذیر احمد خان،محمدظہیر الدین خان علی زئی، سید افتخار گیلانی اوردیگر نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اورانکی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن نے اپنے غیر جمہوری طرز عمل کو بے نقاب کر دیاہے ۔عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انتشار کون پھیلا رہا ہے اور بے لوث خدمت کون کر رہا ہے ۔ عاقبت نااندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک و قوم کی تقدیر کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ مخالفین کی جانب سے اداروں کیخلاف مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت اداروں کیساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے انعقادکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستان مسلم دنیا میں لیڈنگ ملک کی حیثیت اختیارکرچکا ، عمران خان پل کا کردارادا کررہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے میانوالی میں نرس سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھاسے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ہدایت کی کہ ملزموں کو جلد گرفتار کرکے متاثرہ نرس کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔