لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے رولز آف بزنس 2011میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔رولز آف بزنس میں ترامیم سے 16صوبائی محکموں کے سیکرٹریز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کریں گے ۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام امور پیپر لیس ہوں گے ۔پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس کی نئی درجہ بندی کرنے سے متعلق ویلیوایشن ٹیبل مرتب کرنے کی تجویز مسترد کردی۔اجلاس میں چیرٹیزکی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 15اکتوبر تک کی توسیع ،5لاکھ روپے تک اشٹام پیپرز کے ریفنڈ کا اختیار کمشنر کو دینے ،شوگر ملز(کنٹرول) ایکٹ 1950میں ترامیم ،پرائم منسٹر نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کوپنجاب بھرمیں ہاؤسنگ سکیمیں شروع کرنے ،موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965کے سیکشن 120کے تحت موٹر وہیکلز آفیسرز کو اختیارات تفویض کرنے ،لوڈر رکشہ کو شامل کرنے کیلئے رولز 1969 میں ترمیم ،پہلی سپیشل ایجوکیشن پالیسی 2019 ،جنوبی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان کے قیام اورلاہور کالج ویمن یورنیورسٹی جھنگ سب کیمپس کو یونیورسٹی آف جھنگ کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی ۔ پنجاب انوائرنمنٹ ٹریبونل کے ممبر لیگل کی نامزدگی کا جائزہ لینے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل ،کم مقدمات رکھنے والی 6انسداد دہشت گردی عدالتوں کی بندش ،پنجاب ہیرٹیج فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی ، پنجاب گورنمنٹ ایڈور ٹائزمنٹ پالیسی 2020میں ترامیم ،محکمہ جنگلات کے اخراجات سے متعلق رپورٹ ،اکاؤنٹس کی Appropration برائے سال 2018-19،محکمہ آبپاشی کے سٹاک آف سٹون کی خصوصی سٹڈی کے آڈٹ برائے سال 2017-18 ،محکمہ تعمیر ات و مواصلات،ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ،ایریگیشن، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، انرجی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی آڈٹ رپورٹ برائے سال 2019-20 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 32ویں اور3 3ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی جبکہ سٹینڈنگ کیبنٹ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 35و یں اور 36ویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔پنجاب کابینہ کو صوبہ میں آٹے اور چینی کی سپلائی اور قیمتوں کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں۔عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے فیروزوالہ کے علاقے میں بزرگ پر تشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نعمت ہے ،قائداعظمؒ نے مسلمانان برصغیر کو الگ وطن کا تحفہ دے کر احسان کیا،ہمیں آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا ہوگا،کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کشمیر کی آزادی سے پاکستان کی تکمیل ہوگی۔