لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے میں نوجوان پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں کے تشدد کے وا قعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تشدد کے ذمہ دار وں کے خلاف محکمانہ کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ واضح ہدایات کے باوجود ایسا واقعہ رونما ہونا قابل افسوس ہے ۔ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے پولیس کے رویوں میں تبدیلی ضروری ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺپر حاضری دی اور مسجد نبوی ﷺْمیں نوافل ادا کئے ۔وزیراعلیٰ نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور استحکام اورمقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانو ں کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔وزیراعلیٰ نے حرم نبویﷺکے امام سے ملاقات کی اور کلیدبردار سے بھی ملے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے ۔بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام مسلسل کئی روز سے کرفیو کے باعث گھروں میں قید ہیں اوربھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کررہا ہے ۔ مودی سرکار جان لے کہ وہ دنیا کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتی۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے ۔پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔