کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسی چلا رہی ہے لیکن ہم اپنے خلاف ہونیوالی تمام سازشوں اور غیر جمہوری کوششوں کو ناکام بنائینگے ۔حکومت ہوش کے ناخن لے اور نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کرے ۔ہمیں حکومت کی نیت پر شک ہے ،کالعدم تنظیموں کیساتھ تعلق رکھنے والے 3 وفاقی وزراکو عہدوں سے نہ ہٹایا گیاتودنیاپاکستان پرشک کریگی ۔گزشتہ روزکراچی کے بینظیربھٹو پارک بوٹ بیسن میں پودا لگا کر سرسبزسندھ شجرکاری پروگرام کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے ۔پی ٹی آئی نے کالعدم تنظیموں کیساتھ ملکر الیکشن لڑا۔تین وزرا کی مخصوص کالعدم تنظیموں کیساتھ ویڈیوز وائرل ہوئیں ، ایک وزیر کالعدم تنظیم سے کہتا ہے جب تک ہماری حکومت ہے آپ کیخلاف کارروائی نہیں کرینگے ، اس قسم کے لوگوں کو نئے پاکستان کی کابینہ میں نہیں ہونا چاہئے ۔ حکومت کی طرف سے بچگانہ بیانات آرہے ہیں، وفاقی وزرا کے بیانات افسوسناک اور شرمناک ہیں،ان کو پہلے انسان پھر حکمران بننا چاہئے ۔ مودي اور انکی پالیسي میں کوئي فرق نہیں، سوال اٹھانے اورتنقید کرنیوالوں کو ملک دشمن قرار دیدیا جاتا ہے ۔ سندھ میں سیاسی انجینئرنگ کی کوششیں چل رہی ہیں۔دھاندلی کے باوجود جوہم سے سندھ نہیں چھین سکے وہ اب سازشیں کررہے ہیں۔ جعلی بینک اکائونٹس کیس کو سندھ سے راولپنڈی منتقل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی، غیر آئینی،غیر قانونی اور غیر جمہوري ہے ۔کیس راولپنڈی جارہا ہے تومیں سمجھتاہوں کہ فیصلہ پہلے سے لیا گیا ہے ۔ہم جعلی اور جھوٹی جے آئی ٹی اور اسکی رپورٹ کو نہیں مانتے ،سپریم کورٹ نے بھی کہا میں بیگناہ ہوں، کسی کے کہنے پر میرا نام ڈالاگیا۔ سپریم کورٹ نے کہا بلاول کا نام نکالا جائے ،لیکن معلوم نہیں اب تک نام کیوں نہیں نکالا گیا ۔ حکومت عوام اور خصوصاً غریبوں کی مدد کے بجائے انکا معاشی قتل کررہی ہے ، عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں،عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔ جووزیرکہہ رہے ہیں کہ معیشت ترقی کررہی ہے وہ مستعفی ہوجائیں۔ایک وزیرکا عوام کی چیخیں نکالنے کا بیان شرمناک ہے ۔بجلي اور گیس کي بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے معاشی قتل عام کا سامان ہیں۔بھارت آبی دہشتگردی کرکے پاکستان کاپانی روکتاہے ۔جب تک ہم ارساکوصحیح نہیں کرینگے اس وقت تک میں بھارت کو کیسے جواب دوں، پانی کے معاملہ کو عالمی سطح پر اٹھائینگے ۔ سرسزسندھ مہم شروع ہونے پر بہت خوش ہوں، ماحولیات کو بہتر کرنا بہت ضروری ہے ۔ آصف زرداری کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں۔ سندھ حکومت نے درخت لگانے میں 3 بار گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ توڑا۔صحافی کے سوال پربلاول نے کہا کہ شادی سے متعلق جواب پریس کانفرنس میں نہیں دونگا،اگر ابھی دیا تو یہ پوری پریس کانفرنس اسی میں ختم ہوجائیگی۔ صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے بلاول کوبتایا کہ سرسبز سندھ پروگرام کے تحت 5 سال میں صوبہ بھر میں 2 ارب پودے لگائے جائینگے ۔ اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،صوبائی وزیرسعید غنی،وقارمہدی، راشد ربانی اور نثارکھوڑوبھی موجود تھے ۔