لاہور(سٹاف پورٹر )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں یوتھ کے ذریعے پولنگ بوتھ پر سرپرائز دیں گے ۔ جمہوریت کے نام پر جدوجہد کرنے والی نام نہاد سیاسی پارٹیاں سماج اور جمہور کا مذاق اڑا رہی ہیں۔73سالوں میں ظالم اشرافیہ نے ملک میں اسلامی نظام کونافذ نہیں ہونے دیا۔ مہنگائی ناقابل برداشت، بے روزگاری نے ملک میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا اور بندگلی میں دھکیل دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ بورڈ کے منصورہ میں ہونے والے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت کا تسلسل ہی رکھنا تھا تو پھر ملک کو آزاد کرانے کا کیا فائدہ ہوا۔ پی ٹی آئی نے لاکھوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے 35لاکھ سے زائد لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جاری مہم کے دوسرے فیز کا آغاز 25دسمبر سے گوجرانوالہ سے ہو گا۔ قبل ازیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں غریب اور امیر کے لئے دو الگ الگ نظام ہیں۔ شہزادہ اور شہزادیوں کی سیاست نے غریب کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے ۔ دریں اثناامیر جماعت اسلامی سے منصورہ میں سجادہ نشین عالیہ دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پیر دیوان مودود مسعود، سجادہ نشین عالیہ دربار حضرت خواجہ غلام فریدؒ کوٹ مٹھن خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، سجادہ نشین عالیہ دربار حضرت میاں میر بالا پیرؒ پیر علی رضا شاہ گیلانی القادری، پیر اختر رسول قادری (دربار حق باہو)، پیر ڈاکٹر طارق شریف زادہ، پیر سید حیدر علی شاہ، پیر محمود فرید الدین (گڑھی شریف رحیم یار خان) نے والدہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔ صدر علما و مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد، سیکرٹری جنرل علما مشائخ رابطہ کونسل پیرزادہ برھان الدین احمد عثمانی اور پیر سید لطیف الرحمن شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔