لاہور،کراچی ( وقائع نگار،جنرل رپورٹر، سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے زیر اہتمام لاہور اور کراچی میں ریلیاں نکالی گئیں۔تحریک انصاف لاہور نے جیل روڈ سے داتا دربار تک ریلی نکالی، کارکنان نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔یوم پاکستان کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے تحت کراچی میں انصاف ہاؤس سے تین تلوار کلفٹن تک ریلی نکالی گئی۔ریلی سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کاکاروان سندھ 25 تاریخ کو اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا، 27 مارچ کو تاریخی جلسہ ہوگا۔ لاہور میں ریلی میں صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمود الرشید ، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ، تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز ، جنرل سیکرٹری زبیر نیازی، مرکزی رہنما غلام محی الدین دیوان ، میاں اکرم عثمان ، حافظ ذیشان رشید ، میاں طاہر رشید و دیگر نے شرکت کی ۔ مسلم ٹاؤن، اچھرہ ، مزنگ لٹن روڈ ، گامے شاہ میں قائم استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستانی عوام اور ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے ، اپوزیشن نے مال بچاؤ اتحاد بناکر تحریک عدم اعتماد پیش کی ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کر کے اپوزیشن عوام میں بے نقاب ہوگئی ۔ انہوں نے کہا وفاق میں حکومت بدلے گی نہ پنجاب میں کوئی تبدیلی آئے گی۔ تحریک انصاف لاہور کے صدرشیخ امتیاز نے کہا کہ پارٹی متحد ہوگئی، لاہور سے ایک لاکھ لوگوں پر مشتمل قافلہ 27 مارچ کے جلسے میں شریک ہوگا۔