لاہور(عثمان علی)بچوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے اور گداگر بچوں کے لیے گرینڈ ریسکیو آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ پنجاب بھر میں بچوں پر تشدد کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے گی جس میں چائلڈ پروٹیکشن کی ہیلپ لائن سمیت دیگر ذرائع سے شہریوں کو بچوں پر ہونے والے تشدد، اپنے اردگرد ایسے کیسز کور پورٹ کرنے کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی ۔ آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ گزشتہ 6ماہ بالخصوص کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بچوں پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات سامنے آنے پر کیا گیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ چھ ماہ کے دوران تیس کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے اورزیادہ تر کیسز پوش علاقوں کے ہیں ۔تشدد کا نشانہ بننے والے بچے زیادہ تر گھریلو ملازم بچے ہیں جبکہ بعض کیسز میں جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ بچوں کو زیادتی کا بھی نشانہ بنایا گیا۔یہ وہ کیسز ہیں جو مختلف ذرائع سے رپورٹ ہوگئے تاہم ایک بڑی تعداد ایسے کیسز کی بھی ہے جو رپورٹ نہیں ہوتے ۔