لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے گزشتہ روز نیب لاہور بیورو کا دوبارہ دورہ کیا جہاں انہیں میگا کرپشن کے مقدمات اور نیب لاہور کی جانب سے بدعنوان عناصر سے ہونے والی ریکوری پر ڈی جی نے جامع بریفنگ دی۔ چیئر مین نیب نے کہا ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور قومی دولت لوٹنے والے بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم کی برآمدگی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے نیب لاہور کی جانب سے ڈبل شاہ کیس میں ملزمان سے اربوں روپے کی تاریخی وصولی اور ہزاروں متاثرین میں برآمد کی گئی رقوم کی تقسیم کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا نیب کے افسران و اہلکار عوام سے لوٹی گئی دولت کی برآمدگی کیلئے سر توڑ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔نیب لاہور نے چند روز قبل ڈبل شاہ کیس کے متاثرین میں 19کروڑ35لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی جبکہ آئندہ چند روز میں دیگر متاثرین کے میں مزید 36کروڑ روپے تقسیم کئے جائینگے ۔ مجموعی طور پر نیب لاہورڈبل شاہ کیس میں ہزاروں متاثرین میں ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم ملزمان سے برآمد کرا کے تقسیم کی جا چکی ہے ۔ نیب نے گذشتہ چندماہ کے دوران 71ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جو تاریخی کامیابی ہے ۔ میگا کرپشن مقدمات کے ساتھ ساتھ ہاؤسنگ سیکٹر کے مقدمات بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں،گذشتہ دو سال کے دوران نیب لاہور نے ہاؤسنگ سیکٹر کے 54,000 متاثرین کو انکے حقوق واپس دلوائے جو انتہائی قابلِ تعریف ہے ،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد روکنے کیلئے عوام کو انکی بر وقت نشاندہی کرنی چاہئے اور ریگولیٹرز کو بھی اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرنا چاہئے ۔غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کیسز میں گذشتہ دو سالوں کے دوران نیب لاہور نے 26ارب مالیت پر مشتمل 14بدعنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کئے جبکہ نیب لاہورنے دو سال کے دوران 31ارب روپے ملزمان سے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ۔