لاہور/ہنگو(سپیشل رپورٹر،نمائندگان 92 نیوز ) چوہنگ کے علاقے موہلنوال میں تیز رفتار بس بے قابو ہو کر سٹاپ پر کھڑے مسافروں پر چڑھ دوڑی ، تھرڈایئر کا طالبعلم عاطف موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کالج سے گھر واپس جانے کے لیے بس کے انتظار میں کھڑا تھا ،اس موقع پرکالج سٹوڈنٹس نے احتجاج کرتے ہوئے مین روڈ بلاک کر دی جبکہ متوفی کے لواحقین بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئے ۔ مظاہرین نے بس کو آگ لگا دی اور سڑک بلاک کرکے شدید نعرے بازی کی احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہونے پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں بعد ازاں پولیس کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پرمظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی جو لاش پتوکی لے گئے ۔حجاج کرام کے استقبال کے لئے پشاور جانے والے ہنگو کے علاقہ سمانہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے چار افراد کی کار الٹ گئی، خاتون سمیت 3افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہو نے والوں میں 66سالہ نجیب گل ، 62سالہ خاتون اور 24سالہ عمر حبیب شامل ہیں ، 30سالہ ایاز گل شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پنڈی بھٹیاں موٹروے انٹر چینج پر کار الٹنے سے کار سواراحمدرضا جاں بحق جبکہ عمر دراززخمی ہو گیا جس کو ٹی ایچ کیو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ،دونوں دوست لاہور سے اسلا م آباد جا رہے تھے کہ صبح سویرے تیزر فتاری کے باعث کار بے قابو ہوکر الٹ گئی۔کسووال میں ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم سے معمر سائیکل سوار ٹرالی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ شاہکوٹ کے نواحی گاؤں 95 بارہ ایل کا رہائشی با با رمضان عرف جانا سائیکل پر قریبی گاؤں جارہا تھا ۔