اسلام آباد،لاہور،ملتان (نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب نے گوادر میں کمرشل زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دیدیا۔نیب حکام کے مطابق گوادر انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے قواعد کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل پلاٹوں کی رشتہ داروں میں بندر بانٹ کی،پسند ونا پسند کی بنیاد پر3167 ایکٹر زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 70 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ڈی جی نیب بلوچستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔ دریں اثناء قومی احتساب بیورونیب لاہور کی جانب سے سابق پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم فواد حسن فواد کو گزشتہ روز آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں طلب کیا گیا مگر وہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے ۔نیب ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کو اس سے پہلے بھی متعدد بار نیب لاہور کی جانب سے طلب کیا جا چکا ہے تاہم وہ صرف تین بار نیب حکام کے روبرو پیش ہو ئے ۔نیب حکام کی جانب سے فواد حسن فواد کو دوبارہ کل 5 جولائی کو طلب کیا گیا ہے ۔اس حوالے سے نیب لاہور نے طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ ادھر ملتان میٹرو کرپشن کیس میں سابق ڈی سی او سمیت 6 افسران نیب ملتان کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب ملتان کی جانب سے سوالنامے ملزمان کو دئے گئے ۔سابق ڈی سی اوزاہد سلیم گوندل سابق لینڈ ایکوزیشن کلکٹر غلام مصطفی،منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اٹھارٹی سبطین فضل علم،عزیر شاہ ،رضوان عزیز اور جنرل منیجر عثمانی اینڈ کمپنی فرحان حیدر نے اپنے دفاع میں بیانات قلمبند کرادئے ہیں۔نیب کی تحقیقاتی ٹیم ملتان میٹرو کیس کے حوالے سے اس منصوبے کی تعمیر میں شامل 8 میں سے 4 پراجیکٹ منیجرز کے بیانات آج جبکہ 4 کے کل ریکارڈ کرے گی۔آج سلطان محمود اینڈ کمپنی کے پراجیکٹ منیجر اطہر حسینی،قلندر بخش آبرو کمپنی، سی آر ایف جی ایچ آر ایل کمپنی اور ظاہر خان برادرز کے پراجیکٹ منیجر پیش ہوں گے ۔علاوہ ازیں نیب نے اسلام آباد کالج کے پرنسپل عتیق الرحمان کو گرفتار کرلیا۔نیب کے مطابق گرفتار ملزم پر 209طالبعلموں سے فیس کے نام پر فراڈ کا الزام ہے ۔ملزم نے طالبعلموں سے داخلہ اور ٹیوشن فیس کے نام پر کروڑوں روپے لوٹے ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے الحاق نہ ہونے کے باوجود طالبعلموں کو داخلہ دیا۔ملزم فراڈ کرنے کے بعد کالج بند کرکے فرار ہوگیا۔