لاہور(جنرل رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن 5 اگست کے بجائے گزشتہ شب رات 12 بجے ختم کردیا ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا،سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ مویشی منڈیوں سے لئے گئے سمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے پر فیصلہ کیا گیا۔نوٹیفکیشن میں 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اجتماع کی اجازت ہو گی۔تعلیمی ادارے ، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے ۔تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، پیر تا جمعہ کھلے رہیں گے ۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا جو 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔ادھر گزشتہ روز مارکیٹیں کھولنے کے حکومتی اعلان کے باوجود لاہور میں موجود تمام ہول سیل بڑی مارکیٹوں ،دیگر بازار اور پلازے بند رہے جبکہ چند مقامات پر چھوٹی مارکیٹوں سمیت چھوٹے پلازوں میں متعدد دکانیں کھلی رہیں۔اعظم کلاتھ مارکیٹ ،شاہ عالم مارکیٹ ،انارکلی ،برانڈرتھ روڈ ،اردو بازار ،بلال گنج ،پاکستان کلاتھ مارکیٹ ،اندرون شہر مارکٹیں ،رنگ محل ،مال روڈ ،ہال روڈ ،شاد مان ،برکت مارکیٹ ،اچھرہ بازار ،باغبانپورہ ،دھرم، پورہ ،چاہ میراں ،شاد باغ ،لبرٹی مارکیٹ سمیت بڑی مارکٹیں مکمل طور پر بند رہی ہیں جبکہ حفیظ سنٹر ،کریم بلاک ،ٹاؤن شپ سمیت گلی محلوں میں متعدد دکانداروں نے اپنی دکانیں کھول کر کاروبار کیا۔ذرائع کے مطابق تاجروں کی اکثریت 5اگست تک لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوردراز علاقوں میں چلے گئے تھے جبکہ گزشتہ روز کچھ لوگ قربانی میں بھی مصروف تھے اس لئے بڑی مارکیٹیں نہ کھل سکیں۔