فیصل آباد(نیوزرپورٹر)''جتنا کام اتنا نقصان '' پر پاورلوم فیکٹری مالکان کی جانب سے بند کی جانے والی پاور لوم فیکٹریوں کی بڑی تعداد گزشتہ روز بھی بند رہی دوسری جانب پاورلومز فیکٹریوں کی بندش کے خلاف مزدور تنظیموں نے تالہ بندی کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے ، پی ایم ریلیف پیکج کو ختم کرنے سمیت کاروباری مندے کے حوالے سے سدھار ، جھنگ روڈ سمیت دیگر سیکٹروں میں پاور لوم فیکٹریوں کی بڑی تعدا دبند رہی جبکہ کونسل آف لوم اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید خالق رامے کے مطابق جھنگ روڈ ، سدھار ، دھاندرہ ، غلام محمد آباد اور فیض آباد میں ستر فیصد فیکٹریاں بند ہیں ، حافظ آباد اور جھنگ میں مکمل پاور لومز بند ہیں۔حافظ آباد میں پاورلوم انڈسٹری مکمل طورپر بند ہے اور وہاں پاورلوم فیکٹری مالکان اور مزدور کاروباری مندے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔ حافظ آباد میں احتجاجی جلسے میں شرکت اور فیکٹری مالکان سے اظہاریکجہتی کے لئے کونسل آف لوم اونرز ایسوسی ایشن کی قیادت بھی جائے گا ۔وحید خالق رامے کے مطابق فیصل آباد میں پاور لوم انڈسٹری چالیس روپے کلو اورآلو سو روپے کلو میں بھی بک چکی ہے ،۔ ٹیکسٹائل کے اس اہم سیکٹر کو بالکل ہی تباہی سے بچانے کے لئے حکومت کو خصوصی ریلیف دینا ہوگا وگرنہ ایسا نہ ہو کہ لاکھوں پاور لومز جو ابھی اچھے کاروباری حالات کے انتظار میں بند پڑی ہیں وہ بالکل ہی کباڑ بن جائیں ۔