لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر پر اپوزیشن کی تنقید کا کوئی جواز نہیں، مسئلہ کشمیر عالمی معاملہ ہے ، عمران خا ن نے عالمی برادری کا ضمیر جگایا ۔ چینل 92 نیوزکے پروگرام’’نائٹ ایڈیشن ‘‘ میں میزبان شازیہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے لیڈر بھی جب واپس آتے تھے توانکا بھی استقبال ہوتا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی کہا تھاکہ مسئلہ کشمیر ایک روز کا مسئلہ نہیں بلکہ ہزار سال کی جنگ ہے ۔بلاول بھٹو نے جو باتیں کیں وہ نہیں کرنی چاہئے تھیں ۔شہبازشریف نے اچھاٹویٹ کیا جو قابل تحسین ہے ۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن نے صدرکے خطاب کے دوران خوب شورشرابا کیا، اگرایسا ہوتاہے تو پھر وزیراعظم نہیں جائینگے ،انکی اپنی مرضی ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ کشمیرکا ایشو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اجاگر ہو رہا ہے ، اچھی بات ہے کہ عمران خان نے بڑی جذباتی تقریر کی۔ اقوام متحد ہ میں نوازشریف نے برہان وانی کو ہیرو قرار دیا جبکہ بھارت نے اسے دہشتگرد ڈکلیئرکیا ہواتھا۔وزیراعظم اقوام متحدہ میں تقریر اور دورہ امریکہ پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔ ہم نے فضل الرحمٰن سے کہاکہ مذہبی کارڈ کا استعمال نہ کیاجائے ، ہم چاہتے ہیں کہ اکتوبر کے بجائے نومبر میں احتجاج کیاجائے ۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ انسدادڈینگی ناگزیر ہے ،جنوری سے کا م شروع کیا مگر توقع تھی کہ اس بار ڈینگی کے مریض زیادہ ہونگے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خا ن نے کہاکہ باہر کے ملک دشمن عناصر کی پوری کوشش تھی کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستا ن نہ آئے لیکن ہماری فورسز اور کرکٹ بورڈ نے شاندار سکیورٹی دی۔ میرے پی سی بی سے معاملات چل رہے ہیں جو بھی ذمہ داری ملے گی پوری کرونگا۔