لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 36واں اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں مشیر برائے اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ، سیکرٹری فنانس عبداﷲ سنبل، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شیخ حامد یعقوب اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کل 9ایجنڈے زیر بحث لائے گئے جن میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا کورونا کی وجہ سے نجی ہوٹل میں انعقاد کیلئے پہلے سے موجود فنڈز کے استعمال، محکمہ سپشلائز ہیلتھ کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل 410بستروں پر مشتمل بہاولپور سول ہسپتال کے نام کی بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں تبدیلی کی سفارش، لائیوسٹاک اینڈ ڈیڑی ڈویلپمنٹ میں ڈاکٹراور انسپکٹر جنرل آفس کے کانسٹیبل کے بیرون ملک علاج کے اخراجات کی ادائیگی، محکمہ قانون اور پالیمانی امور کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کیلئے پہلے سے فراہم کردہ سپلیمنٹری گرانٹ کے مقاصد کی کورونا کے سبب تبدیلی، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے گریڈ 20کے افسران کیلئے یوٹیلٹی الاؤنس کی اور سینما گھروں پر عائد ٹیکس میں استثنیٰ کی مدت میں توسیع کی سفارشات شامل تھیں۔