کے پی میں گزشتہ ماہ ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کے بعد، اپنے شہید ساتھیوں کے جنازے پر ایک پولیس افسر کے آنسو بہہ نکلے۔ کوئی بھی ساتھیوں اور سوگوار خاندانوں کا سامنا کرنے کے دباؤ کا صرف تصور ہی کر سکتا ہے کیونکہ وہ دہشت گردانہ حملوں کے مسلسل خطرے کو برداشت کرتے ہیں۔ بنیادی طور پر خیبرپختونخوا میں، کم لیس اور کم تربیت یافتہ پولیس فورس نے دو دہائیوں سے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے، جس کی کی وجہ سے اسے شدید نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔ افغانستان میں طالبان کے عروج نے مختصراً امن کی امیدیں روشن کیں۔ پھر بھی، حقیقت یہ ہے کہ تشدد میں وحشیانہ اضافہ ہوا ہے، پولیس اہلکار اب براہ راست ہدف ہیں۔ اگرچہ پولیس ایک اہم ہدف ہے مگر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دہشت گرد حملوں اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں جانی نقصان ہوا ہے۔ اگست 2021ء میں افغان طالبان کے قبضے کے بعد سے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس جیسے گروہوں نے سکیورٹی فورسز پر 368 بار حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 652 اہلکار ہلاک اور 1,049 زخمی ہوئے۔ پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے ڈیٹا بیس کے مطابق، پولیس نے 244 شہادتوںکے ساتھ سب سے زیادہ جانی نقصان اٹھایا ہے، جب کہ فوج کے 101، لیویز کے 55، اور ایف سی کے 29 اہلکار شہید ہوئے ۔ 2001ء سے جب ملک میں دہشت گردی کا خطرہ بڑھ گیا، 2,100 پولیس اہلکار شہید ہوئے اور 7000 زخمی ہوئے ہیں۔جان کو لاحق خطرات کے باوجود پولیس فورس کا مورال بلند ہے۔ اہم مثال ایک پولیس اہلکار کی ہے جس نے حال ہی میں ایک مسجد کو نشانہ بنانے والے خودکش بمبار کا پیچھا کیا اور اسے روکنے کی کوشش کی، جس سے متعدد جانیں بچ گئیں۔ تاہم، پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی طرف سے ایک سوال یہ ہے کہ وہ دہشت گردوں کا بنیادی ہدف کیوں ہیں؟ کئی نظریات اور وضاحتیں موجود ہیں، جن میں یہ تاثر بھی شامل ہے کہ پولیس ایک نرم ہدف ہے کیونکہ ان کے پاس عسکریت پسندوں سے نمٹنے یا انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کی تربیت کی کمی ہے۔ کے پی پولیس کا استدلال ہے کہ انہوں نے عسکریت پسندوں کو ملک کے قلب میں دراندازی سے کامیابی سے روکا ہے۔ ٹی ٹی پی کا دعوی ہے کہ پولیس فوج کو نشانہ بنانے کے ان کے منصوبے میں ایک اہم رکاوٹ ہے اور اس نے پولیس کو متعدد بار خبردار کیا ہے کہ وہ خود کو فوج سے الگ کرلے۔پولیس پر کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے فوج کو شہروں کی طرف دھکیلنے کے منصوبہ کا حصہ ہیں۔ پولیس فورس پر حملہ کرنے کا کالعدم ٹی ٹی پی کا جواز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اعتماد کو ختم کرنے کی حکمت عملی معلوم ہوتا ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ تر حملے فوجی تنصیبات سے دور شہری مراکز میں یا اس کے آس پاس کے پولیس سٹیشنوں پر ہوئے ہیں۔ یہ حکمت عملی تنازعات کو سرحدوں سے باہر پھیلانے کی ان کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے، اس طرح طالبان کے اس دعوے کی تائید ہوتی ہے کہ ٹی ٹی پی پاکستان کے اندر کام کرتی ہے، نہ کہ افغانستان کے اندر محفوظ پناہ گاہوں سے۔پاکستان نے باضابطہ طور پر احتجاج کیا ہے، طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان پر حملے کرنے سے روکے، لیکن کابل نے ابھی تک اس بات کو عوامی سطح پر تسلیم نہیں کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مانیٹرنگ کمیٹی سمیت بین الاقوامی نگران ادارے اور تنظیمیں پاکستان کے اس دعوے کی حمایت کرتے ہیں کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے سابق قبائلی علاقوں میں دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو سال قبل افغان طالبان کے قبضے کے بعد سے ٹی ٹی پی نے کس طرح افغانستان میں زور پکڑا ہے اور کس طرح دوسرے دہشت گرد گروپ اس کی آڑ میں کام کر رہے ہیں۔پولیس پر ٹی ٹی پی کے حملے ان کے حوصلے پست کرنے، ان کی مزاحمت کو کم کرنے اور فوج کو شہروں کی طرف دھکیلنے کی ایک وسیع منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔ ٹی ٹی پی سمجھتی ہے کہ فوج مثالی طور پر پولیس کے فرائض سنبھالنے کے لیے موزوں نہیں ہے، جو ممکنہ طور پر عوامی ناراضگی کو جنم دے گی۔ انہوں نے اس حکمت عملی کا سوات میں تجربہ کیا اور فاٹا کے انضمام کے بعد قبائلی ضلع میں اسی طرح کے نتائج کا مشاہدہ کیا۔ طالبان نے افغانستان میں تقابلی حکمت عملی کا استعمال کیا، جس سے وہ شہروں پر قبضہ کرنے اور شیڈو حکومتیں قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اندر اور سکیورٹی فورسز اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنا ایک خطرناک حربہ ہے۔ کالعدم ٹی ٹی پی اور اس سے وابستہ گروپ تمام صوبوں اور بڑی ٹرانسپورٹ لائنوں کو جوڑ کر اپنا اثر و رسوخ خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ کے قریب بلوچستان کے اضلاع تک بڑھا رہے ہیں، وہ علاقے جو ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اگر وہ ان علاقوں میں کامیابی سے دہشت گرد اڈے اور بلوچ ذیلی قوم پرست گروہوں کے ساتھ اتحاد قائم کر لیتی ہے تو یہ سی پیک سمیت پاکستان کی داخلی سلامتی کے لئے خطرہ ہو سکتا ہے۔کالعدم ٹی ٹی پی خود کو افغان طالبان کے ماڈل کے طور پر پیش کر رہی ہے، جس میں بلوچستان میں موجودگی بھی شامل ہے۔ افغان طالبان کی موجودگی 1996ء سے شروع ہوئی، جب کہ کالعدم ٹی ٹی پی صرف 2007ء میں ابھری اور ابتدا میں اس نے بلوچستان میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ وقت گزرنے کے ساتھ، جیسا کہ اس نے سابق فاٹا میں اپنی طاقت کو مضبوط کیا، ٹی ٹی پی نے اپنا بلوچستان ونگ بنایا، جسے تحریک طالبان بلوچستان کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ٹی ٹی پی نے اسلام آباد کے مضافات سمیت پنجاب میں بھی اپنی رسائی کو بڑھایا ہے۔ یہ پاکستان کے اہم علاقوں میں ٹی ٹی پی کی بڑھتی ہوئی رسائی کو ظاہر کرتا ہے۔ دہشت گردی سے لاحق خطرات کو کم کرنے سے دہشت گردوں کی مدد ہی ہوتی ہے۔ مذہبی مدارس اور گروہوں کے وسیع نیٹ ورک سے تقویت پانے والے ان گروہوں کی نظریاتی طاقت کو کم نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ ٹی ٹی پی مذہبی اداروں کے مذہبی اور نظریاتی نمونے سے فائدہ اٹھا تی ہے۔ ٹی ٹی پی اپنے بیانیے کے ذریعے مذہبی اداروں کے فارغ التحصیل افراد کو متاثر کر سکتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جوابی کارروائیوں کو جبر اور ظلم کے طور پر پیش کر سکتی ہے۔مذہبی طور پر متحرک دہشت گرد گروہ بیانیہ تیار کرنے اور اپنے دلائل تیار کرنے میں ماہر ہیں۔ ٹی ٹی پی اور اسلامک سٹیٹ،خراسان گروپ اس ڈومین میں مقابلہ کر رہے ہیں لیکن جب پاکستانی ریاست کی بات آتی ہے تو دونوں کے مشترکہ مقاصد ہیں۔ ریاست زیادہ تر متحرک اقدامات پر توجہ مرکوز کرتی ہے، اور یہاں تک کہ اگر وہ دہشت گردوں کے پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے کوئی پیغام دیتی ہے، تب بھی وہ اسے لوگوں کے ذہنوں میں نہیں ڈال سکتی کیونکہ بیانیے کو نموکے لیے ایک سازگار سیاسی ماحول کی ضرورت ہے۔ پولیس کو درپیش ایک اور چیلنج ان کا عوامی امیج ہے۔ نہ ہی ریاست اور (باقی صفحہ9پر ملاحظہ کریں) نہ ہی محکمہ نے اس پرتوجہ دی ہے۔کسی بھی صورت میں، پولیس دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک کلیدی جز ہے، جس کو مضبوط بنانے اور مناسب انٹیلی جنس تعاون کی ضرورت ہے۔ یہ انہیں شہروں کی حفاظت کرنے اور سرحدی خطرات سے زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے فوج اور نیم فوجی دستوں کو آزاد کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔انسداد دہشت گردی کے محکمے ہر صوبے میں موجود ہیں، لیکن کے پی کے محکمے کئی مسائل سے دوچار ہیں، جیسے کہ صلاحیت، تربیت اور بجٹ کے مسائل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اعلیٰ سکیورٹی اداروں اور سویلین حکومتوں کی جانب سے پولیس اور سی ٹی ڈی پر اعتماد ناگزیر ہے۔