لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ کرونا جیسے وبائی مرض سے لڑنے کے لیے دنیا کو اکھٹے ہونے کی ضرورت ہے ۔ صبا قمر نے اپنی ایک تصویر کے ساتھ تفصیلی پیغام شیئر کیا ہے جس میں وہ دنیا بھر کے لوگوں سے مخاطب ہیں۔صبا قمر نے اپنی تفصیلی پوسٹ میں اس جان لیوا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی تعریف کی اور ساتھ ہی ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی تاکید بھی کی۔انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیاری دنیا ! ہم ایک ایسی صورتحال میں ہیں کہ جہاں ہمیں اس وبائی مرض سے لڑنے کے لئے اکٹھے ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔ اس وائرس سے بچائوکے لیے معاشرتی تنہائی اختیار کر کے ہم انسانیت پر بہت بڑا احسان کرسکتے ہیں ، کیونکہ اس جان لیوا وائرس سے ہمیں خود نہیں بلکہ اپنے جیسے دوسرے لوگوں کو بھی بچانا ہے ۔گھروں پر محصور ہوئے غریب اور محتاج لوگوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے صبا قمر نے کہا کہ ایسی صورتحال میں غریب اور نادار لوگوں کو فراموش نہ کریں۔