کراچی(سٹاف رپورٹر)پنکچر لگانے والا شہری نیب کے شکنجے میں آگیا،سکیم 23میں 25ایکڑ اراضی غیرقانونی طور پر پنکچر والے کے نام پر الاٹ نکلی، شہری نے لاعلمی کا اظہار کردیا، احتساب عدالت نے نیب کی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی، ملزم ندیم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے ندیم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے احتساب عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر ملزم نے عدالت میں انکشاف کیا کہ میں گولیمار میں پنکچر کا کام کرتا ہوں، پلاٹوں سے متعلق کچھ علم نہیں ، اس سے پہلے چائے بنانے کا کام کرتا تھا۔ اقبال میمن نامی شخص نے نوکری دلانے کیلئے قومی شناختی کارڈ مانگا تھا، واپس مانگنے پر ٹال مٹول سے کام لیا۔ نیب نے بتایا کہ ملزمان نے پنجاب سوسائٹی کے نام پر فراڈ کیا ریفرنس میں 8 ملزمان پلی بارگین کرچکے ، عدالت نے ملزم ندیم کو 25 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔