فیصل آباد/ملتان (نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر) کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی 3 بوگیاں ڈی ریل ہو کر رسالے والا سٹیشن پر کھڑی ملت ایکسپریس سے ٹکرانے پر نوجوان جاں بحق جبکہ11زخمی ہوگئے ، پانچ شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔لاہورسے براستہ فیصل آباد کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو گزارنے کے لئے سٹیشن سے دس منٹ کے سفر پر رسالے والا سٹیشن پر کراچی سے آنے والی ملت ایکسپریس کو لوپ لائن پر روک لیاگیاتھا ۔گوجرانوالہ کے رہائشی محمد ریاض نے موقع پر ہی دم توڑدیا ۔علاوہ ا زیں کندیاں سے کراچی جانے والی مال گاڑی کی12بوگیاں الو والی اور پیپلاں کے درمیان پٹری سے اتر گئیں،اطلاع ملنے پر کندیاں سے ریلیف ٹرین اور ریسکیو ٹرک طلب کرلیا گیا،مال گاڑی داؤد خیل کوئلہ ان لوڈ کراکر واپس کراچی جارہی تھی ۔ڈی ایس نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔