کراچی(سٹاف رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز) کیماڑی میں آئل ٹرمینل میں آتشزدگی کے باعث 3افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ چیئرمین کے پی ٹی سمیت 4زخمی ہو گئے ، فائر بریگیڈ ، پاک بحریہ اور دیگر ریسکیو اداروں نے مل کر آ گ پر قابو پالیا ۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی پر واقع آئل ٹرمینل ون پر آئل کمپنی کے سٹوریج ٹینک میں آگ لگ گئی جس سے ملک بھر کو تیل کی فراہمی معطل ہوگئی۔آتشزدگی کے واقعہ میں دو افراد 24سالہ شاہد ولد عمر اور45سالہ صالح ولد سلمان جاں بحق جبکہ تین افراد 32 سالہ کاشف ولد ابراہیم ، 38 سالہ شاہد ولد حسین اور 25سالہ فیاض ولد رفیق جھلس کر زخمی ہو گئے جس کا ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال میں علاج جاری ہے ۔ پی ایس او ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں کیماڑی آئل ٹرمینل پر واقع پی ایس او کی تنصیبات بالکل محفوظ ہیں،تاہم حفظ ماتقدم کے طور پر پی ایس او کی جانب سے کیماڑی سے ایندھن کی فراہمی فوری طور پر معطل کردی گئی،تھانہ جیکسن کے انچارج کے مطابق آگ کیماڑی آئل ٹرمینل ون پر واقع ایک نجی کمپنی کے ڈپو میں لگی۔دوسری جانب شیل پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس او کی 20 انچ قطر کی زیر زمین امپورٹ پائپ لائن جو شیل پاکستان کے ٹرمینل نمبر 1واقع کیماڑی سے گزر رہی تھی میں آگ لگی تھی۔دریں اثناآگ سے چیئرمین کے پی ٹی (ر) ایڈمرل جمیل اختر بھی زخمی ہوگئے ، آگ بجھانے کے عمل کی نگرانی کیلئے چیئرمین جائے وقوع پر موجود تھے ، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 500 گز کے فاصلے پر تیل کے بڑے ذخائر تھے ، فوری نوٹس نہ لیا جاتا تو آگ پھیل سکتی تھی، بالوں اور چہرے پر آگ کے اثرات آئے ہیں۔