کراچی(سٹاف رپورٹر)اپیکس کمیٹی سندھ نے مرکزی شاہراہوں پرمساجد،مدارس اورامام بارگاہوں کے قیام کیلئے آئندہ این او سی جاری نہ کرنے کی تجویزمنظورکرلی،اہم تنصیبات کا سکیورٹی آڈٹ کرانے ،سیف سٹی منصوبے کے تحت 2 ہزاراہم مقامات پر10 ہزارکیمرے لگانے ،کراچی کے داخلی وخارجی راستوں پرکیمرے نصب کرنے ،غیرقانونی اسلحے کی روک تھام کیلئے 4 بڑے ویپن ڈیٹکٹرسکینرلگانے ،سی پیک پر سکیورٹی بڑھانے ، قیدیوں اورضمانتوں پررہا خطرناک مجرموں کی ای ٹیگنگ اورمدارس کوتعلیمی اداروں کے طورپررجسٹرکرنیکا فیصلہ کرلیا گیا۔اپیکس کمیٹی کا 24 واں اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیرناصرشاہ،مشیرقانون مرتضیٰ وہاب،کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز،چیف سیکریٹری ممتازشاہ،ڈی جی رینجرمیجرجنرل عمربخاری،آئی جی سندھ مشتاق مہر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سٹریٹ کرائم کیلئے ہائیکورٹ سے درخواست کی جائیگی کہ وہ ان مقدمات کی سماعت کیلئے الگ جج تعینات کرے ۔