کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) تحریک انصاف کے نو منتخب ممبر سندھ اسمبلی سید عمران نے رستہ نہ دینے پر شہری کی دھلائی کردی۔ کراچی میں سید عمران راستہ نہ ملنے پر سیخ پاہو گئے اور اپنی گاڑی سے باہر نکل آئے پہلے راستہ نہ دینے والے شہری کو کھری کھری سنائیں لیکن جب اس سے بھی دل نہ بھرا تو رکن سندھ اسمبلی نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ۔ان کے اس اقدام کی ویڈیو ایک شہری نے ریکارڈ کر لی اور بعد میں اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا گیا۔ پی ٹی آئی نے عمران شاہ کی شہری پر تشدد کانو ٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے ۔ عمران شاہ کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کی تقریب میں جا رہا تھا تو راستے میں دیکھا کہ ایک شہری اپنی گاڑی سے مسلسل ایک غریب آدمی کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکریں مار رہا تھا۔ غریب شخص نے اپنی گاڑی سے سر باہر نکال کر یہ بھی پوچھا کہ آپ میری گاڑی کو ٹکریں کیوں مار رہے ہیں۔عمران شاہ نے کہا کہ میری گاڑی کو ٹکر لگی اور نہ ہی کوئی ایکسیڈنٹ ہوا لیکن یہ سب کچھ دیکھنے پر میں اپنی گاڑی سے باہر آیا اور ٹکریں مارنے والے شخص سے پوچھا کہ آخر مسئلہ کیا ہے جس پر اس نے بہت زیادہ بدتمیزی کی۔ اس پر میں نے اسے کہا کہ آپ بدتمیزی مت کریں بلکہ اس غریب آدمی سے معافی مانگیں جس کی گاڑی کو ٹکریں مار رہے ہیں۔وہ شخص بڑی مشکل سے اپنی گاڑی سے باہر آیا اور اس سے معافی مانگی لیکن جب وہ جانے لگا تو مجھے کہا کہ تم ہوتے کون ہو اور اس کیساتھ ہی اس نے مجھے اور اس غریب آدمی کو بھی بہت زیادہ نازیبا باتیں کیں اور گالیاں دیں۔ میں نے کہا آپ نے مجھے گالی کیوں دی جس پر اس نے مجھے دھکا دیا اور پھر میں نے بھی ردعمل میں دھکا دیا لیکن اس کے باوجود کسی کو میرے ایکشن سے تکلیف پہنچی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سید عمران شاہ کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیاہے ، پولیس حکام کا کہناہے جس شخص پر تشدد کیا گیا اسے تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس کے ملنے کے بعد عمران شاہ کیخلاف مقدمہ درج کیاجائے گا۔ نامزدگورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے متاثرہ شخص سے معذرت خواہ ہوں،واقعہ کے بعد خود عمران خان کافی اپ سیٹ ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا پارٹی نے عمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا جس میں ان سے وضاحت مانگی گئی ہے ۔ بعدازاں رات گئے فردوس شمیم نقوی اور ڈاکٹرعمران علی شاہ شہری دائود چوہان کے گھر پہنچ گئے ۔ اس موقع پر عمران شاہ نے دائود چوہان سے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔ دائودچوہان نے کہا کہ ان کی ایم پی اے سے صلح ہوگئی ہے اوروہ اب کوئی قانونی کارروائی نہیں کرینگے ۔