کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ نے کراچی میں انصاف ہائوس تا سی ویو وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی،ریلی کی قیادت تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر،رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کی جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہاکہ مولانا جتنے پلان بنالیں وزیراعظم سے استعفی نہیں لے سکتے ،بعض قوتیں ملک کو ترقی کی راہ پر چلتا دیکھنا نہیں چاہتیں،وہ قوتیں جعلی ایشو بناکر حکومت کو غیرجمہوری طریقے سے ہٹانے کی کوششیں کررہی ہیں لیکن ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔ قبل ازیں انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہاکہ ہمارا اگلا ہدف آئندہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات ہیں، تحریک انصاف شہر بھر سے کامیاب ہوگی اور کراچی کا میئر تحریک انصاف کا ہوگا۔ اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر صحت کو بھی ویکسین لگانے کی ضرورت ہے وہ کبھی کہتی ہیں کہ سارے کتے پاگل نہیں ہوتے اور بچے کتوں سے دور رہے ہیں، بلاول پی ٹی آئی کی حکومت جانے کے خواب دیکھنے سے پہلے سندھ حکومت کو دیکھ لیں وہ کس طرح لوٹ مار لگائے بیٹھی ہے ۔