پشاور(92نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کرک کا مصروف ترین دورہ کیا جہاں انہوں نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ ضلع کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کئی منصوبوں کا اعلان بھی کیا،کرک میں گیس منصوبے کی توسیع اور بحالی کا افتتاح کیا جس پر پہلے فیز میں 1944.990 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ منصوبے کی کل لاگت 9 ارب روپے ہے ، جس میں 65 کلومیٹر پائپ لائن کی بحالی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ گیس منصوبے کی توسیع اور بحالی سے ایک لاکھ 15 ہزار افراد مستفید ہونگے ۔ اس موقع پر وزیر اعلی محمود خان نے واضح کیا کہ پسماندہ اضلاع کے بغیر ترقی نا ممکن ،اہداف حاصل کرکے دم لیں گے جبکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے بغیر صوبے کی مجموعی ترقی ممکن نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع کے بنیادی مسئلہ جو پینے کے صاف پانی کی عدم موجودگی ہے کے حل کے لیے انفلٹریشن گیلریز، سمپ ویل اور سپلائی پائپ لائنز تعمیر کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جو 3 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل ہونے کے بعد 15 ہزار آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی۔ دورے کے دوران وزیر مملکت شہر یار آفریدی دیگربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔