راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے )چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اہم ہے ، سی پیک روٹ کے ذریعے چین اپنی تجارت مغرب کے ساتھ منسلک کر سکے گا اور تجارتی رابطے جوڑنے کیلئے پاکستان مشرق اور مغرب کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ راولپنڈی چیمبر میں چین کی 70ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور پاک چین تجارتی روابط بڑھانے میں راولپنڈی چیمبرایک فعال چیمبر کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ کشمیر کے حوالے سے چین کے حالیہ کردار پر چینی سفیر نے کہا کہ چین صورتحال کو پیچیدہ کرنے والے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے ۔سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین پاکستان کے ساتھ ثقافتی، تعلیم،صحت اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کریگا۔ اس موقع پر چین کے یوم جمہوریہ کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔