ننکانہ(این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک لڑیں گے اور مودی کا ہندو انتہا پسند فاشسٹ ایجنڈا دنیا کے تمام فورمز پر بے نقاب کرنیکا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد کا ہاتھوں کی زنجیر بنا نا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں پر بھارتی مظالم کو کسی صورت میں برداشت نہیں کر سکتے ۔عالمی میڈیا سے بھی یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے ظلم وجبر کو مزید بے نقاب کریگا۔ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران کے وژن پر کام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھا رہی ہے جس سے یہ مسئلہ اب بین الاقوامی سطح پر پہلے سے زیادہ اجاگر ہوتا ہو ا نظر آ رہا اور دنیا پاکستانی موقف کی بھرپور تائیدکر رہی ہے ۔