لاہور(نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ، 92 نیوز رپورٹ) بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کرنے کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، تاجر برادری، سول سوسائٹی، مذہبی تنظیموں نے شہر شہر ریلیاں نکالیں، مظاہرین نے مودی سرکار کیخلاف اور کشمیروں سییکجہتی کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ، بھارتی جارحیت کیخلاف زبردست نعرہ بازی کی گئی، لاہور میں وکلا، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کئے گئے ، مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے نذر آتش کئے اور ملک بھر کی فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی، لاہور کی وکلا برادری کی طرف سے مودی سرکار کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا گیا، حلقہ پی پی 60 میں جماعت اسلامی کا مظاہرہ ہوا۔ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی نے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا،ریلی شیرانوالہ باغ سے جی ٹی روڈ تک نکالی گئی, شرکا نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی میں مرکزی رہنما مظہر اقبال رندھاوا، صدر یوتھ ونگ خرم سلیم، فرقان بٹ اور دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی، ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ بنوں میں 4 احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، تاجربرادری اور مذہبی تنظیموں نے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف بنوں پریس کلب کے سامنے الگ الگ مظاہرے کئے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ہنگو میں یکجہتی کشمیر ریلی میں سو ل سوسائٹی، سماجی و سیاسی رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، کشمیری مسلمانوں کی عظیم جدوجہد کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ وہاڑی میں ایپکا کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی بھی کی گئی،ایپکا کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی بھی کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ملک ریاض کھر کی قیادت میں قاسم بیلہ میں کشمیر کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بھارت مردہ باد کے نعرے لگائے ، کرم پور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے گورنمنٹ ایلمینٹر ی سکول کرم پور کے زیر اہتمام واک کا اہتمام کیا گیا، رحیم یارخان میں والنٹیئرفورس پاکستان کے زیراہتمام سٹی پل سے پریس کلب چوک تک کشمیریوں پربھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ملک بھر کی طرح جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام فیصل آباد، جھنگ ،ساہیوال ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ،سمیت وسطی پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔ بھارت کیخلاف آزاد جموں کشمیر بھر میں احتجاج ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ،مظفرآباد میں مقبوضہ کشمیرکی تقسیم اور خصوص حیثیت بدلنے کیخلاف نوجوان، بزرگ اور بچے سیاہ جھنڈے اٹھائے آزادی کے حق اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے برہان وانی چوک میں جمع ہوئے ۔