لاہور، راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور،ڈیرہ غازیخان ، ساہیوال ،پاکپتن ، چیچہ وطنی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نمائندگان 92 نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقے ملک میں مشرق سے داخل ہونے والے بارشوں و برفباری کے سسٹم کی زد میں ہیں جس کی وجہ سے جاتی سردی ایک بارپھر لوٹ آئی ہے ۔پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، آندھی سے متعدد مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں ، پاؤ، پاؤ بھر وزنی اولے بھی پڑے ،حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ، کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ،صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت گوجرانوالہ، گجرات،راولپنڈی، گوجرہ، ساہیوال، بورے والا، عارف والا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لودھراں اور دیگرعلاقوں میں گزشتہ رات سے ہونے والی بارش اور ژالہ باری نے جل تھل ایک کردیا ہے ، رحیم یار خان میں پاؤ پاؤ وز نی اولے پڑے جس سے موٹر سائیکل رکشہ سوار اسلم بلوچ شدید زخمی ہو گیا۔ڈیرہ غازیخان کے جنرل بس اسٹینڈ کے قریب سکھانی کالونی میں بارش کے دوران دیواروں میں کرنٹ آگیا،جس سے دو نوجوان محمد زبیر اور محمد فہیم جاں بحق ہوگئے ۔ ساہیوال ،پاکپتن اور چیچہ وطنی سمیت کئی علاقوں میں طوفانی ہواؤں نے کچے گھروں کی چھتیں، سائن بورڈز اور ہورڈنگز اڑا دیں،درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ،بجلی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا جس کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، ژالہ باری نے گندم اور دیگر اجناس کی فصلوں اور آم کے باغات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ، حادثات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر وں میں بھی شدید بارش ہوئی، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں ،ملکہ کوہسارمری میں شدید آندھی طوفان،ژالہ باری،طوفانی ہواؤں اور شدید بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا، کئی گھروں اوربلڈنگوں کی چھتیں اڑگئی ہیں ، دیوار تلے آ کرنوجوان چوہدری مہران موقع پر جاں بحق ہوگیا، بجلی کئی گھنٹے بندرہی،ایکسپریس وے پر تودے اور بھاری چٹانیں گر گئیں ۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا ،پشاورشہر میں متعدد جگہ بارش کا پانی کھڑا ہونے کے باعث بی آر ٹی سروس معطل رہی ۔ کوہستان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، خوڑوں اور چھوٹے بڑے دریائوں میں نچلے درجے کے سیلاب ہیں،متعددپن بجلی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ،کوہستان میں شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بندہے ۔کالام کے علاقے لائیکوٹ میں گلیشئر گرنے سے بحرین کالام روڈ ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند ہو گیا، سوات کے میدانی علاقوں میں تین روزسے وقفے وقفے سے بارش اور کالام اور مالم جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ آزاد کشمیرکے زیادہ تر علاقوں میں 3 دن سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، پہاڑوں پراب تک 9 انچ برف پڑ چکی ہے ، وادی لیپا کا مظفر آباد سے زمینی رابطہ معطل ہوگیا ،درجنوں سیاح پھنس گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ،خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں چھتیں اوردیواریں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ بارشوں سے 14گھر جزوی اور 12گھر مکمل تبا ہ ہوگئے ۔